Jul 29, 2020 08:53 pm
views : 230
Location : Domestic Place
Islamabad- Dr Zafar Mirza and Tania Aidrus resigned from their posts.
اسلام آباد، وزیر اعظم کی معاون خصوصی تانیہ ایدروس اور مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے استعفے دیدیئے
وزیر اعظم کی معاون خصوصی تانیہ ایدروس مستعفی ہو گئی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ دہری شہریت کے مسئلے پر ان پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے جس کی وجہ سے انھوں نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد مد نظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم کو استعفیٰ پیش کرتی ہوں، تاہم میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ ملک کی خدمت کرتی رہوں گی۔
دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ تانیہ ایدروس نے ڈیجیٹل پاکستان فاؤنڈیشن کو ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ کروایا تھا، وزیر اعظم نے اس معاملے پر تحقیقات کروائیں تو تانیہ ایدروس انکوائری میں تسلی بخش جواب نہ دے سکیں۔
وزیر اعظم عمران خان کو بھیجے گئے اپنے استعفے میں تانیہ ایدروس نے کہا کہ رواں سال کے آغاز سے آپ کی خدمت میرے لیے باعث عزت رہی ہے، مجھ پر آپ کے اعتماد کی بحالی کے لیے میں آپ کی شکر گزار ہوں۔
دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے بھی استعفیٰ دے دیا۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ میں عمران خان کے کہنے پر پاکستان آیا تھا، ایمان داری اور محنت سے کام کیا ہے، پاکستان کے لیے کام کرنا میرے لیے باعث اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ میں مطمئن ہوں کہ ایسے وقت میں عہدہ چھوڑا جب پاکستان میں کرونا کم ہو رہا ہے۔