Jul 30, 2020 06:28 pm
views : 222
Location : Domestic Place
Islamabad- Senate session, UN Security Council Act and Anti-Terrorism Act Amendment Bills passed
اسلام آباد، سینیٹ اجلاس، یواین سلامتی کونسل ایکٹ اور انسداد دہشتگردی ایکٹ ترمیمی بلز منظور
چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا۔ انسداد دہشتگردی ایکٹ ترمیمی بل 2020 اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل ایکٹ 2020 میں ترامیم کا بل پیش کیا گیا۔ دونوں بل وزیراعظم عمران خان کے مشیر سینیٹر بابر اعوان نے ایوان میں پیش کیے۔ سینیٹ نے دونوں بلز منظور کرلیے۔
قبل ازیں چیئرمین جاوید عباسی کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس ہوا۔
اسپیشل سیکرٹری خارجہ نے اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل ترمیمی بل پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی ہدایات پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل بل میں بعض نقائص کی نشاندہی کی گئی تھی، سکیورٹی کونسل ایکٹ میں ترمیم ایف اے ٹی ایف کی تجویز کردہ ہے، چھ اگست تک ایف اے ٹی ایف کو عملدرآمد رپورٹ بھجوانی ہے۔
فاروق نائیک نے کہا کہ اس ترمیم کے تحت وفاقی حکومت کو اپنے اختیارات کسی کو بھی تقویض کر سکتی ہے، میری تجویز ہے کہ اختیارات تقویض کرنے کیساتھ پاکستانی شخصیت یا ادارے کا نام شامل کیا جائے، چاہتے ہیں اختیارات کسی غیر پاکستانی کو نہ منتقل ہو سکیں۔
حکام دفتر خارجہ نے کہا کہ کابینہ اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ اختیارات کس کو دینا ہیں۔ سینیٹ قائمہ کمیٹی نے فاروق نائیک کی تجویز کردہ ترمیم سمیت سکیورٹی کونسل ترمیمی بل کو متفقہ طور پر منظور کرلیا۔