Aug 20, 2020 06:42 pm
views : 265
Location : Domestic Place
Islamabad- Pakistan is on the path of development, the coming era of prosperity, Shibli Faraz
اسلام آباد، ملک ترقی کی راہ پر چل پڑا آنے والا دور خوشحالی کا ہے، شبلی فراز
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ملک ترقی کی راہ پر چل پڑا ہے آنے والا دور خوشحالی کا ہے۔
اسلام آباد میں مختلف وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شبلی فراز نے کہا کہ اچھی خبریں اپوزیشن کے لئے بری خبریں ہیں، اپوزیشن ملک میں افراتفری اور ناامیدی پھیلا رہی ہے، وزیراعظم نے کہا کہ مافیاز کو نہیں چھوڑیں گے، ہم مافیاز کی نمائندگی کرنے والوں کو بھی نہیں چھوڑیں گے، امید کرتے ہیں کہ عوام ہمارے ساتھ ہے، ملک ترقی کی راہ پر چل پڑا ہے، آنے والا دور خوشحالی کا ہے، قو م کو صبر کا پھل ملنے والا ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ ہم نے کوشش کی ہے کہ اصولوں کے مطابق اپنے فرائض نبھائیں، ہم احتساب، شفافیت، خود احتسابی اور میرٹ کے لئے کوشاں ہیں، شفافیت ہمارا بنیادی اصول ہے، پہلی بار کوئی حکومت اپنی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کررہی ہے۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنی وزارت کی کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی احتساب کے بیانیے پر آئی تھی، پی ٹی آئی حکومت سے پہلے کہا جاتا تھا کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہے، ہماری حکومت نے اس بیانیے کو تبدیل کردیا، ہماری کامیابی ہے کہ نہ کھاتا ہے نہ کھانے دیتا ہے، وفاقی کابینہ کے کسی وزیر کے دامن پر کوئی داغ نہیں۔
وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد مشترکہ مفادات کونسل بہت اہم فورم ہے،وزارت بین الصوبائی رابطہ سی سی آئی کو سیکرٹریٹ فراہم کرتی ہے، پاکستان اسپورٹس بورڈ میں اصلاحات لا رہے ہیں، نئے منصوبوں میں کھیلوں کی سہولتیں شامل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔