Aug 22, 2020 05:36 pm
views : 269
Location : Domestic Place
Lahore- Shehbaz responsible for Nawaz Sharif's return to Pakistan: Shahzad Akbar
لاہور، نواز شریف کو مجرموں کی حوالگی قانون کے تحت واپس لایا جائے گا، شہزاد اکبر
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب اور داخلہ امور شہزاد اکبر نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی ضمانت مشروط تھی اور آٹھ ہفتوں کیلئے تھی، ضمانت میں توسیع کے لیے انہوں نے پنجاب حکومت سے قانون کے تحت درخواست کی جو مسترد کردی گئی لیکن وہ واپس نہیں آئے، شہباز شریف نے ذاتی ضمانت دی تھی کہ نواز شریف علاج کے بعد واپس آجائیں گے، لیکن لندن میں نواز شریف کا علاج تو دور کی بات انہیں ایک ٹیکہ بھی نہیں لگا۔
شہزاد اکبر نے بتایا کہ حکومت نے برطانوی حکومت کو مکتوب بھیجا تھا کہ نواز شریف مفرور ہیں، ان کی ضمانت منسوخ ہوچکی ہے، انہیں واپس بھیجا جائے، لیکن انہیں واپس نہیں بھیجا گیا، اب وفاقی حکومت نے برطانوی حکومت سے دوبارہ رابطے کا فیصلہ کیا ہے، ہم نیب سے بھی کہہ رہے ہیں کہ نیب اس پر ایکسٹراڈیشن کی درخواست دائر کرے تاکہ نواز شریف کو واپس لایا جاسکے، وہ دو کیسز میں سزا یافتہ مجرم ہیں، ان کی واپسی سزا یافتہ مجرم کے طور پر ہوگی۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نواز شریف لندن کی سڑکوں پر مزے سے گھوم پھر رہے ہیں اور لطف اندوز ہورہے ہیں، تصاویر میں ان کی بہت اچھی صحت نظر آرہی ہے، وہ باقی سزا ہنستے کھیلتے کاٹ سکتے ہیں، یہ ذاتی مسئلہ نہیں بلکہ نظام انصاف پر طمانچہ اور مذاق ہے، انہیں واپس لانے کےلیے تمام قانونی طریقہ کار اختیار کیے جائیں گے، ان کے ضمانتی شہباز شریف سے بھی پوچھ گچھ ہوگی اور دیکھا جائے گا کہ ان کے خلاف کیا قانونی کارروائی ہوسکتی ہے۔