Aug 25, 2020 05:28 pm
views : 267
Location : Different Places
Karachi- Parts of Karachi submerged as rains wreak havoc in different cities of Sindh
کراچی میں بارش کا سلسلہ جاری، اربن فلڈنگ کا خطرہ
شہر قائد میں گزشتہ روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور بجلی کی بندش سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
خلیج بنگال سے آنے والے مون سون سسٹم نے کراچی سمیت سندھ کے زیریں علاقوں اور بلوچستان کے متعدد اضلاع کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ کراچی میں گزشتہ شام سے ہونے والی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کے اہم بازار ، مارکیٹیں اور تجارتی مراکز بند ہیں جب کہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سے منگل کی صبح تک کراچی میں سب سے زیادہ بارش گلشنِ حدید میں ایک سو پانچ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، لانڈھی میں پینتالیس اعشاریہ پانچ ، جناح ٹرمینل پر گیارہ اعشاریہ چار ، یونیورسٹی روڈ پر آٹھ اعشاریہ چھ ، نارتھ کراچی میں چار اعشاریہ دو، ناظم آباد میں دو، سرجانی ٹاؤن میں دو اعشاریہ چھ، ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ملیر ندی میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر کورنگی کازوے روڈ کو ایک بار پھرٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہرمیں ہونے والے موسلادھار بارش کے باعث ملیر ندی میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جس کے پیش نظر کورنگی کازوے کو ایک بار پھر ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو گودام چورنگی سےجام صادق پُل کی جانب موڑ دیا گیا جبکہ بلوچ کالونی سے جانے والوں کو قیوم آباد جام صادق پل پر بھیجا جارہا ہے۔
بارش کے باعث کراچی کے مکین بجلی کی فراہمی کے مسائل سے بھی دوچار ہیں۔ سرجانی ٹاؤن اور نیو کراچی کے مختلف علاقوں میں 4 دن بعد بھی بجلی کی فراہمی بحال نہیں ہو سکی۔ جس سے علاقہ مکین سخت اذیت سے دوچار ہیں۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر میں بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ کے الیکٹرک نے موقف اپنایا ہے کہ جن علاقوں میں پانی جمع ہے وہاں بجلی بحال کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ شہری بارش کی صورت میں احتیاط کریں، ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں، بارش اور کھڑے پانی میں برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے اس کے علاوہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول جان لیوا ہے۔