Aug 25, 2020 05:31 pm
views : 234
Location : Domestic place
Islamabad- Shahbaz Sharif said that there would be a meeting of APC and Leader Committee, all parties would be included in APC
شہباز شریف کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات،حکومتی کارکردگی اور موجودہ قوانین سمیت اپوزیشن متحد کرنے کا معاملہ بھی زیر غور
اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کا وفد مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچا جہاں جے یو آئی ف کے سربراہ نے لیگی وفد کا استقبال کیا۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سربراہ جے یو آئی (ف) فضل الرحمن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا چند روز پہلے فضل الرحمان کو فون کیا اور ملاقات کی خواہش ظاہر کی، سیاسی صورتحال پر حوصلہ افزا مشاورت ہوئی، اس مشاورت کو آگے لے کر چلیں گے، ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی، طے ہوا تمام اپوزیشن جماعتوں کو یکجا کریں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا اے پی سی اور رہبر کمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا، اے پی سی میں تمام جماعتیں شامل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کیا چینی، گندم، ادویات کا بحران ہمارے زمانے میں ہوا ؟ تیل کی قیمتیں دنیا میں زمین پر، پاکستان میں آسمان پر چلی گئیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ باہمی مشاورت کو آگے بڑھائیں گے، شہباز شریف کے رابطے پر ان کا خیر مقدم کرتا ہوں، چاہتے ہیں اپوزیشن مشترکہ حکمت عملی اپنائے، اپوزیشن کی چھوٹی جماعتوں کا اجلاس بلایا تھا جسے مؤخر کر دیا، حاصل بزنجو کے انتقال کے باعث چھوٹی جماعتوں کا اجلاس مؤخر کیا، اپوزیشن کی تقسیم ملکی مفاد کیلئے ٹھیک نہیں، چھوٹی جماعتوں کا اجلاس اور آل پارٹی کانفرنس بھی ہوگی، آپس کے تحفظات اور شکایات کو دور کیا جائے گا۔