Aug 29, 2020 01:57 pm
views : 226
Location : Domestic Place
Karachi- Power outages in different parts of Karachi for two days
کراچی، شہر قائد کے پوش علاقوں میں دو دن سے بجلی غائب، شہریوں میں غصے کی لہر زور پکڑنے لگی
کراچی کے پوش علاقے کلفٹن اور ڈیفنس سمیت کراچی کی درجنوں آبادیاں گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں سے تاریکی میں ڈوبی ہوئی ہیں،اس صورتِ حال کے خلاف شہریوں کا اشتعال بڑھتا جا رہا ہے اور مختلف آبادیوں میں کے الیکٹرک کی گاڑیوں اور عملے کی پکڑ دھکڑ اور ان سے زبردستی کام کروانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
کے الیکٹرک کے کال سینٹر پر معلومات کیلئے فون کیا جائے تو وہاں کوئی شخص فون اٹینڈ نہیں کرتا بلکہ وہاں ریکارڈنگ سنائی دیتی ہے کہ صرف بجلی کی وجہ سے کسی موت یا انتہائی ایمرجنسی کی صورت میں فون کیا جائے۔
اولڈ سٹی ایریا کے علاقے کھارادر، میٹھادر، آرام باغ، صدر، کیماڑی، لیاری کے کئی علاقوں، گلزارِ ہجری، سعدی ٹاؤن، اسکیم 33، ابوالحسن اصفہانی روڈ، پیراڈائز ہومز اور اطراف کے علاقے میں بجلی کی بندش کو دوسرا روز ہے۔
نیو کراچی، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، منگھوپیر، اورنگی ٹاؤن، قائد آباد اور ملیر کے بیشتر علاقوں میں کئی کئی دن سے بجلی نہیں ہے۔قائد آباد کے بعض علاقوں سے رات گئے بجلی کی بحالی کی اطلاعات آئیں مگر وولٹیج بہت کم ہونے کی وجہ سے شہری مشکل میں رہے۔گلشنِ اقبال اور گلستانِ جوہر کے کئی علاقوں میں بجلی بحال نہیں ہو سکی۔
محمود آباد، منظور کالونی، بلوچ کالونی، شیر شاہ، ہاکس بے روڈ اور مچھر کالونی میں بھی بجلی کی بندش کی شکایات ہیں۔سولجر بازار، گارڈن ایسٹ، اردو بازار اور رنچھوڑ لائن کے بعض محلے 40 گھنٹوں سے بجلی سے محروم ہیں۔
شہریوں کے مطابق یو پی ایس کی بیٹریز گزشتہ روز سے ہی ختم ہو چکی ہیں، بیشتر گھروں میں جنریٹرز طویل دورانیے تک چلنے کے بعد جواب دے گئے ہیں۔