Sep 01, 2020 08:11 pm
views : 213
Location : Islamabad high court
Islamabad- IHC tells Nawaz to 'surrender', appear before court on Sept 10 ,Maryam says Nawaz to return once health is out of danger
اسلام آباد ہائی کورٹ کا نواز شریف کو عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم
جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کے 2 رکنی بینچ نے ایون فیلڈ، فلیگ شپ اور العزیزیہ ریفرنسز پر احتساب عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور نیب کی نظر ثانی درخواستوں پر سماعت کررہا ہے۔ اس موقع پر رہنما (ن) لیگ مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر اور سینیٹر پرویز رشید سمیت دیگر پارٹی رہنما کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
سماعت کے دوران عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم دیتے ہوئے وکیل خواجہ حارث سے کہا کہ آپ کو ایک موقع دے رہے ہیں کہ آئندہ سماعت سے قبل سرنڈر کریں۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ نوازشریف ہر صورت میں عدالت کے سامنے پیش ہوں جب کہ اگر آپ کو ائیرپورٹ پر کوئی گرفتاری کا خدشہ ہے تو بتا دیں۔
عدالت نے کہا کہ نواز شریف کی حاضری سے استثنی کی درخواست پر مناسب حکم جاری کریں گے، ہم اپنا تحریری حکمنامہ جاری کریں گے جس میں بتائیں گے کب سرنڈر کرنا ہے جب کہ وفاقی حکومت بھی اپنا موقف پیش کرے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سرنڈر کرنے کی تاریخ سے متعلق فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کردی۔
دوسری طرف اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال نواز شریف آل پارٹیز کانفرنس میں جانے سے منع کریں گے، ہم آل پارٹیز کانفرنس میں جائیں گے جب کہ اے پی سی میں پتہ چل جائے گا کہ سب ایک پیج پر ہیں یا نہیں، وقت کی ضرورت ہے کہ تمام جماعتیں ملک کے لیے ایک پیج پر آئیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کا لندن میں علاج چل رہا ہے اور کورونا کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی، نواز شریف وطن واپس آنے کے لیے بہت بے چین ہیں تاہم میری نواز شریف سے ضد ہوگی کہ جب تک علاج نہیں ہو جاتا واپس نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی نہیں چاہے گا کہ اس عمر میں اپنے ملک سے دور رہیں، ہمیں اپنی اپنی نہیں بلکہ پاکستان کا سوچنا چاہیے جب کہ پانچ سال میں جو نقصان کرنا تھا وہ انہوں نے ڈیڑھ سال میں کرلیا۔