راولپنڈی، آرمی چیف پاکستان زندہ حقیقت ہے،ہماراخون،جذبہ،عمل ہرمحاذپرگواہی دےگا، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کیوراولپنڈی میں فوجی اعزازات دینےکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا 6 ستمبر1965 کادن ہماری تاریخ کاایک لازوال باب ہے، اس دن وطن سے محبت، قربانی اور بہادری کی داستانیں رقم ہوئیں، قوم کیلئے 6 ستمبر صرف ایک دن نہیں بلکہ حوصلے کی پہچان بھی ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ یہ دن1948،1965،1971کی جنگ کےشہیدوں کی یادمیں منایاجاتاہے، یہ کارگل، دہشت گردی کیخلاف جنگ کے شہدا کی بھی یادمیں منایاجاتاہے، یہ دن یاد دلاتا ہے ہم نےکل بھی کئی گنابڑے دشمن کوشکست دی تھی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا آج بھی دشمن کے ناپاک عزائم کوشکست دینےکیلئےہمہ وقت تیارہیں، آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کر رہے ہیں، شہدا، غازیوں کے عظیم کارناموں کو یاد کرنے کیلئے یہاں موجودہیں، آج شہدا کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یہاں موجود ہیں، ان کی جرات، بہادری، قربانیوں کی بدولت امن و سلامتی قائم ہے۔
انہوں نے شہدا کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ یقین دلاتا ہوں ہم ان کے پیاروں کی قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گے ، ہمارے شہید ہمارے ہیرو ہیں، جوقومیں اپنے ہیروز کو بھول جاتی ہیں وہ مٹ جایا کرتی ہیں۔
آرمی چیف نے دشمن کو خبردار کیا کہ افواج پاکستان پوری قوت سے لیس، چوکنا اور باخبر ہیں اور دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری، پوری قوت سے جواب دینے کو تیار ہیں، وقت ہمیں کئی بارآزماچکا، ہم ہر بار سرخرو ہوئے ہیں۔