Sep 15, 2020 02:02 pm
views : 290
Location : Domestic place
Karachi- Educational institutions reopen after six months
کراچی، چھ ماہ سے بند تعلیمی ادارے کھول دیئے گئے
ملک بھر میں کرونا وائرس کے باعث چھ ماہ سے بند تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے ہیں۔پہلے مرحلے میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ ثانوی واعلیٰ ثانوی اسکول،کالج اور یونیورسٹیاں کھولی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کووڈ 19 کے باعث پاکستان میں چھ ماہ سے بند تعلیمی ادارے آج سےمرحلہ وار کھلنے کا آغاز ہوگیا۔میٹرک، انٹر اور یونیورسٹی کے طلباء کی کلاسز شروع ہوگی۔تعلیمی اداروں میں کرونا سے بچاؤ کے لیے اسپرے کیے گئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق پہلے مرحلے میں نویں، دسویں اور انٹرمیڈیٹ کے طالب علموں کو اسکول اور کالج بلایا گیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں آٹھویں جماعت کے طلباء کو اسکول آنے کی اجازت ہوگی جبکہ تیسرے مرحلے میں پرائمری اسکول کے بچے اسکول جائیں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک کلاس روم میں اگر 40 بچے پڑھتے ہیں تو ایک دن 20 بچے آئیں گے اور اگلے دن 20 بچوں کو اسکول بلایا جائے گا۔
ایس او پیز کے مطابق بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر والدین انہیں اسکول نہ بھیجیں، طبعیت خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں اور اگر ٹیسٹ مثبت آئے تو اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔
حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عمل ہو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے سبب رواں سال مارچ میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے اور 6 ماہ کے بعد آج 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں۔