Sep 15, 2020 04:18 pm
views : 270
Location : Different Places
Lahore- Second suspect in motorway rape case confesses to crime
لاہور، موٹروے زیادتی کیس کا ایک اور مرکزی ملزم گرفتار
پنجاب پولیس نے موٹروے زیادتی کیس کے ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جس نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔
سی ٹی ڈی پولیس نے موٹروے زیادتی کیس میں ملزم عابد علی کے ساتھی شفقت کو گرفتار کرلیا ہے، جسے خود سے گرفتاری دینے والے ملزم وقارالحسن کے سالے عباس کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔
شفقت کو دیپالپور سے حراست میں لیا گیا اور اسے لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم شفقت سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے اور اس نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ وہ واردات کے روز جائے وقوعہ پر موجود تھا۔
شفقت کا ڈی این اے بھی متاثرہ خاتون کے نمونوں سے میچ کرگیا جس کے نتیجے میں پولیس کے ہاتھ حتمی ثبوت آگیا ہے۔ پولیس کے مطابق پورا گینگ ٹریس کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں اور عابد علی کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
دوسری جانب موٹروے زیادتی کیس کے دوسرے مرکزی ملزم وقارالحسن کے سالے اور عابد کے دوست عباس نے بھی شیخو پورہ میں خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے، تاہم اس نے صحت جرم سے انکار کر دیا ہے۔ پولیس نے اسے حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے شفقت کا نام لیا۔
عباس نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ میں اپنے بہنوئی وقارالحسن کے نام پر رجسٹرڈ سم استعمال کر رہا تھا، اور ملزم عابد سے 10 روز قبل رابطہ بھی ہوا تھا، تاہم یہ واقعے سے قبل کی بات ہے اور میرا واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔