مہمند، بیرون ملک دشمن فاٹا انضمام کا مخالف ہے اور انتشار پھیلا رہا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر مہمند پہنچے جہاں انہوں نے ناحقئی سرنگ اور شیخ زید روڈ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا نظریہ وہ اصول ہے جو مدینہ کی ریاست کے اصول تھے کہ کمزور طبقے کو اوپر لانا ہے۔
عمران خان نے کہا ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ فنڈ قبائلی علاقوں پر خرچ کیے جائیں، صوبوں نے الیکشن سے پہلے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنا این ایف سی کا 3 فیصد قبائلی علاقوں کو دینگے، لیکن جب ہماری حکومت آئی تو خیبرپختونخوا کے سوا باقی 3 صوبے اپنا 3 فیصد دینے کو تیار نہیں جس کا انہوں نے وعدہ کیا تھا، باقی صوبوں نے کہا ہے کہ حالات بہت برے ہیں۔ عمران خان نے صوبوں پر اپنا وعدہ پورا کرنے کے لیے زور دیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انضمام کے نتیجے میں اور سرحد پر باڑ لگنے سے افغانستان سے تجارت اور اسمگلنگ ختم ہوگئی ہے، اسمگلنگ روکنی ضروری ہے کیونکہ یہ ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے، اب ہم بارڈر مارکیٹس کھولنے کی تیاری کررہے ہیں تاکہ افغانستان سے تجارت کرنے والے لوگوں کو روزگار ملے۔