لاہور، اب ایک ہی راستہ ہے ٹکرا جاؤ یا مٹ جاؤ،ن لیگ
لیگی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی
ایم اور نواز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ اب حکمرانوں کو گھر بھیجا جائے گا،
جب کہ اب ایک ہی راستہ ہے ٹکرا جاؤ یا مٹ جاؤ۔
مسلم لیگ (ن) نے اپوزیشن
لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف ریگل چوک مال روڈ پر احتجاجی جلسہ
منعقد کیا جب کہ رانا ثناء اللہ ،خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق،پرویز ملک
،عطااللہ تارڑ، عمران نذیر،عظمی بخاری اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے
کہا کہ پی ڈی ایم اور نواز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ اب حکمرانوں کو گھر
بھیجا جائے گا، ظلم مزید برداشت نہیں ہو گا، اب ایک ہی راستہ ہے ٹکرا جاؤ
یا مٹ جاؤ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اداروں کا بہت احترام ہے،ہم نے آپ کی
عزت کیلیے سڑکوں پر دھکے کھائے اب آپ بھی اپنی گفتگو میں اعتدال رکھیں
،آہستہ آہستہ تمام زنجیریں توڑ رہے ہیں،سب جماعتیں متفق ہیں کہ حکومت کو
گرائیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ لاہور جاگتا ہے تو پورا پاکستان
جاگ جاتا ہے تو پھرکو ئی ڈکٹیٹر اور کٹھ پتلی مسلط نہیں رہتا۔شہبازشریف نے
امانت اور دیانت سے صوبے کی خدمت کی ،شریف فیملی کیخلاف پروپیگنڈے کا مقصد
اپنی چوری کو چھپانا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آئین اور قانون
کی بات کرنا غداری ہے؟کیا عوام کے حقوق کی بات کرنا غداری ہے؟اگرحکمرانوں
کو جیل کاٹنی پڑ گئی تو پانچواں دن نہیں نکالیں گے۔اگر ملک چلانا ہے توآئین
کو تسلیم کرنا پڑے گا ، ووٹ کو عزت دی جائے،ووٹ کو عزت نہ دینے کی وجہ سے
پاکستان دو لخت ہوگیا۔