Oct 07, 2020 11:30 am
views : 225
Location : Pakistan Navel Headquarters
Islamabad-Admiral AmjadKhan Niazi takes charge as new chief of PakistanNavy,New NC has also served on various command and staff appointments
اسلام آباد، ایڈمرل امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کے نئے سربراہ کا عہدہ سنبھال لیا
www.tnnlive.tv
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی ہلالِ امتیاز (ملٹری)، ستارۂ بسالت نے 22 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف کے طور پر پاک بحریہ کی کمان سنبھال لی۔
تبدیلیٔ کمانڈ کی پروقار تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں منعقد ہوئی جہاں ایڈمرل ظفر محمود عباسی نشانِ امتیاز (ملٹری) نے اپنی مدتِ ملازمت کے اختتام پر پاک بحریہ کی کمانڈ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کے سپرد کی۔
پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں سے اپنے الوداعی خطاب میں سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اللہ تعالیٰ کی بیش بہا عنایتوں کا شکر ادا کیا جن کی بدولت انہوں نے پاک بحریہ کی کمانڈ بہترین انداز میں انصاف، ایمانداری اور وقار کے ساتھ مکمل کی۔
انہوں نے کہا کہ ان کا بنیادی مقصد پاک بحریہ کو ہمہ وقت تیار فوج بنانا تھا جس کا دارو مدار بہترین جنگی تیاری اور پیشہ وارانہ مہارت پر ہو۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے وژن کی مختلف جہتوں کی تکمیل کے لیے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی جانب سے کی جانے والی انتھک محنت کو سراہا۔
انہوں نے گزشتہ برسوں میں غیر مستحکم جغرافیائی و سیاسی صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے پلوامہ واقعے کے بعد کی صورتحال کا خصوصاً ذکر کیا۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاکستانی عوام اور فوج کے مشترکہ مؤقف اور اسے سفارتی و ملٹری سطح پر اُجاگر کرنے سے بھارت کے ارادے خاک میں ملا دیے گئے، پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی عزائم کا منہ توڑ جواب دیا اور دل و دماغ کی جنگ میں فتح حاصل کر تے ہوئے بھارتی جھوٹے دعوؤں کو نیست و نابود کیا۔
انہوں نے پاکستان کے سمندر میں دراندازی کی کوشش کرنے والی بھارتی آبدوز کو پکڑنے پر پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے دور میں بحری آگہی اور بلو اکانومی کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات خصوصاً سمندر میں موجود ہائیڈرو کاربن کے ذخائر کی تلاش پر روشنی ڈالی جس کی بدولت پاکستان کے غیر دریافت شدہ ذخائر سے پاکستان کو بیش بہا فائدہ حاصل ہو سکتا ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھالنے پر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو مبارک باد دی۔
انہوں نے نئے نیول چیف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا کہ ان کی سربراہی میں پاک بحریہ بلندی کے نئے مراحل طے کرے گی۔
ایڈمرل عباسی نے کمانڈ کی سپردگی کے موقع پر اپنے فرائض کی ادائیگی میں مکمل معاونت پر حکومتِ پاکستان، وزارتِ دفاع، جوائنٹ سروسز ہیڈکوارٹرز اور دیگر مسلح افواج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں، سبکدوش ہونے والے نیول چیف کو گارڈ آف آنر دیا گیا۔