Oct 09, 2020 07:46 pm
views : 238
Location : Foreign Office
Islamabad- India's state terrorism getting exposed with every passing day: FO Spokesperson
بھارت کلبھوشن کیس میں احمقانہ مطالبات کے باعث ساکھ کھو بیٹھا،پاکستان
پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کو بالاکوٹ اور پھر حال ہی میں لداخ میں ہونے والی ہزیمت نہیں بھولنی چاہئے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارتی فوج کی جانب سے وادی میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیا جارہا ہے اور 431 روز سے عوام کا محاصرہ جاری ہے، نہتے کشمیری نوجوانوں کو ظلم وتشدد کے ذریعے شہید اور زخمی کیا جارہا ہے، پاکستان نے کشمیری وکیل بابر قاضی کی شہادت کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیریوں کے خلاف جرائم کا جائزہ لیں۔
امریکی جریدے فارن پالیسی کی رپورٹ پرتبصرہ کرتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ فارن پالیسی میگزین نے دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھا دیا ہے کہ کس طرح بھارت دہشت گردی کی پشت پناہی کرتا ہے، پاکستان عالمی ممالک کو طویل عرصے سے یہی سب کچھ باورکروا رہا تھا، امریکی جریدے کی رپورٹ پاکستانی مؤقف کی تائید ہے۔
زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کیس میں بھارت بے وقوفانہ مطالبات کے باعث اپنی ساکھ کھو چکا ہے، بھارت کو بارہا بتایا گیا کہ پاکستانی قانون کے تحت سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس میں رجسٹر وکیل ہی عدالتوں میں پیش ہوسکتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت بار بار بے نقاب ہوتا ہے، اسے چاہیے وہ ایسی حرکات سے باز رہے جن سے خطے کا امن خطرہ میں پڑتا ہے، کسی کی جانب سے بھی مس ایڈونچر سے ریاست پاکستان کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، بھارت کو بالاکوٹ اور پھر حال ہی میں لداخ میں ہونے والی ہزیمت نہیں بھولنی چاہئے، اسے چاہئے کہ تیسری صدی کے چانکیا ڈاکٹرائن کے بجائے 21 ویں صدی کے حالات کے مطابق عمل کرے۔