راولپنڈی، پاک بحریہ کے نئے چیف کا جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، سپہ سالار کی نومتعین امیر البحر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد
پاک بحریہ کے نو متعین چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز اور جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نو متعین نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایڈمرل امجد خان نیازی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات بھی کی۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی اور بحریہ کے سربراہان کی ملاقات میں پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے ایڈمرل امجد خان نیازی کو پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔
نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا نے ایڈمرل امجد خان نیازی کو پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔