Oct 13, 2020 02:05 pm
views : 239
Location : Ministry of Foreign Office
Islamabad- world should make efforts to resolve the Kashmir issue in accordance with international resolutions, Foreign Minister
اسلام آباد، دنیا عالمی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوششیں کرے،شاہ محمود قریشی
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دنیا عالمی قراردادوں کےمطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلیےکوششیں کرے۔
پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر کی وزارت خارجہ میں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔ دوران ملاقات دوطرفہ تعلقات، کورونا وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امورسمیت ماحولیاتی تبدیلی، تعلیم اورسیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی خصوصی گفتگو ہوئی۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اوربرطانیہ کے مابین دیرینہ اورگہرے دوطرفہ تعلقات موجود ہیں، برطانیہ، پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دارہے اورہم اس شراکت داری کومزید آگے بڑھانے کے متمنی ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنرنے کہا کہ پاکستان نے جس حکمت عملی سے کورونا وبا کے پھیلاوٴ کوروکنے میں کامیابی حاصل کی ہے وہ قابل تحسین ہے۔
ملاقات میں وزیرخارجہ نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کوبھارتی استبداد سے نجات دلانے اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیرکے مستقل حل کیلئے اپنا کردارادا کرے۔
برطانوی ہائی کمشنرنے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں کوبھی سراہا۔ برطانوی ہائی کمشنرکرسچین ٹرنر نے پاکستان کے سیاحتی مقامات کوسراہتے ہوئے، اپنے حالیہ دورہ شمالی علاقہ جات سے وزیرخارجہ کو آگاہ کیا۔