نیویارک، عالمی سطح پر بڑی طاقتوں کے درمیان تناؤ بڑھتا جارہا ہے ، منیر اکرم
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تخفیف اسلحہ وبین الاقوامی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کےمستقل مندوب منیر اکرم نے کہا جدید اور مہلک ترین ہتھیاروں پرکام جاری ہے، جدید ہتھیاروں پر قابوپانے کے اہم معاہدوں کو پامال کیا جارہا ہے، بھارتی جارحانہ پالیسیوں سے عالمی امن کو خطرات لاحق ہیں۔
منیر اکرم نے کہا کہ فروری 2019 میں بھارت نے پاکستان کے خلاف صریح جارحیت کی، بھارتی جارحیت کے نتیجے میں اس کے 2 طیارے تباہ ہوئے، خیر سگالی کے طور پر وزیر اعظم پاکستان نے پائلٹ کوواپس بھیجا، پاکستانی اقدام کو کمزوری سمجھا گیا اور جارحانہ اندازمیں اضافہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نےجموں وکشمیرکی متنازع حیثیت کو یکطرفہ طور پرتبدیل کیا، گزشتہ سال ایل اوسی پربھارت نے 3ہزار سے زائد بار خلاف ورزی کی، بھارتی رہنماؤں کی طرف سے بار بار جارحیت کی دھمکی دی جاتی ہے۔
منیر اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن اورمؤثر جواب دے گا، بھارت کو جدید ہتھیاروں کی فراہمی سے خطے میں امن کا خطرہ ہے، بھارت نے تخفیف اسلحہ اور جنگ سے گریز پر بات چیت سے انکارکیا ۔بھارت کو اسلحہ منافع یا ایشیا میں اسٹریٹجک مقاصد کیلئے فراہم کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا خطےمیں پریشان کن سلامتی کی حرکیات سےغافل نہیں رہ سکتے، پاکستان اپنی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئےتمام ضروری اقدامات کرے گا ، خطے میں امن پاک بھارت تنازعات حل کرکے حاصل کیاجاسکتاہے۔