اسلام آباد، بلاول اور مریم حرام کی کمائی پر پلے، ایک گھنٹہ حلال کا کام نہیں کیا، وزیراعظم
وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت ملک میں مہنگائی ہے جس کی کئی وجوہات ہیں، جب حکومت ملی تو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا تجارتی خسارہ تھا، اس کے نتیجے میں روپیہ گرتا ہے تو چیزیں مہنگی ہوجاتی ہیں، ذخیرہ اندوزی لعنت ہے جس کی روک تھام کیلئے ٹائیگر فورس کی ضرورت ہے لیکن ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کو کہیں بھی مداخلت نہیں کرنی، آپ نے موبائل فون سے تصویر کھینچ کر پورٹل پر اپ لوڈ کرنی ہیں، باقی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لینا انتظامیہ کا کام ہے، جن دکانوں پر قیمتوں کی فہرست آویزاں نہیں وہاں کی تصویر کھینچنی ہے، خود کہیں مداخلت نہیں کرنی ورنہ ایسے لوگ جائیں گے جو پیسہ بنائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ شوگر ملز مالکان کم ہیں اور بہت طاقتور ہیں، ان میں شریف خاندان اور زرداری خاندان شامل ہیں، انہیں اب تک کسی نے نہیں پوچھا تھا، وہ قیمت طے کرتے اس پر فروخت ہوتی، پہلی بار اس معاملے کی تفصیلی انکوائری ہوئی ہے، اب ہم جو پلان لے کر آرہے ہیں اس کے بعد عوام کو آئندہ مہنگی چینی نہیں ملے گی۔
وزیراعظم نے نواز شریف کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فوجی جوان ملک کی خاطر جانیں قربان کررہے ہیں اور نواز شریف گیدڑ دم دباکر باہر بھاگا تھا وہاں جاکر آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کیخلاف زبان استعمال کررہا ہے، یہ جنرل جیلانی کے گھر پر سریا بناتے ہوئے وزیر بنا اور ضیا الحق کے جوتے پالش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بنا، بدقسمتی یہ رہی کہ عدالتوں نے ہمیشہ اس کی مدد کی۔