کراچی،اپوزیشن کا آج دوسرا پاور شو،جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے تحت حکومت مخالف دوسرا جلسہ پیپلز پارٹی کی میزبانی میں آج باغ جناح میں ہوگا جس کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے مطابق جلسے سے پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی۔
جلسے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، پنڈال میں 50 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں، جلسہ گاہ کے پانچ مرکزی دروازے ہیں جس میں تین مردوں کے لیے، ایک خواتین اور ایک دروازہ مرکزی قائدین کی آمدورفت کے لیے مختص ہے۔ جلسہ گاہ میں تمام جماعتوں کے پرچم اور خیر مقدمی بینر آویزاں کیے گئے ہیں۔
جلسے کا اسٹیج کنٹینر سے بنایا گیا ہے جو 20 فٹ اونچا، 160 فٹ چوڑا اور 160 فٹ لمبا ہے۔ جلسہ گاہ میں پیپلز پارٹی کے 15 سو ورکرز ڈیوٹی انجام دیں گے۔
جلسہ گاہ میں خواتین کے لیے الگ جگہ مختص کی گئی ہے جہاں پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی ورکرزڈیوٹی انجام دیں گی۔جلسہ گاہ میں داخلے سے پہلے تمام داخلی گیٹ پر واک تھرو گیٹ رکھے گئے ہیں منتظمین جلسہ کی جانب سے شرکا میں ماسک فراہم کیے جائیں گے اور داخلے سے قبل شرکا کے ہاتھوں کو سینیٹائزڈ کیا جائے گا۔
دریں اثنا کراچی پولیس نے جلسے کی سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے۔ باغ جناح میں آج 4 ہزار 800 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی میں 30 سینئر پولیس افسران کے سوا 65 ڈی ایس پیز، 870 سب انسپکٹر اور اے ایس آئی جب کہ 3 ہزار 740 پولیس اہلکار شامل ہوں گے۔