لاہور،حفیظ سینٹر میں میں آتشزدگی،کروڑوں روپے کا سامان خاکستر
لاہور کے علاقے گلبرگ مین بلیوارڈ پر موبائل، لیپ ٹاپ اور الیکٹرونکس پلازہ میں صبح چھ بجے سے لگی آگ شدت اختیار کر گئی ہے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق آگ لاہور کے موبائل، لیپ ٹاپ اور الیکٹرونکس پلازہ کے تیسری اور چوتھی منزل پر لگی ہے جس کے نتیجے میں تیس سے چالیس دکانیں آگ کی لپیٹ میں ہیں، آگ پلازہ کے عقبی حصے میں بھی پھیلنے لگی ہے اور شدت اختیار کر رہی ہے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق لیپ ٹاپ اور موبائل فونز کی وجہ سے آگ کی شدت میں تیزی ہے، آگ سےمتاثر پلازہ میں دکانداروں کی اپنی دکانوں سےسامان نکالنےکی کوششیں جاری ہیں جبکہ کاروبار جلتا دیکھ کر کئی دکاندار بے بسی کے عالم میں رو رہے ہیں۔
ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاع کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ سے لگی ہے، فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی 15 گاڑیاں اور 60 ریسکیو اہلکار آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق آگ کے باوجود کئی تاجر نچلی منزل سے سامان نکالنے پلازا میں گھس گئے اور تاجروں نے کپٹروں میں سامان ڈال کر باہر نکالا ہے۔
آگ بجھانے کے مقام پر موجود فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں میں سے پانی ختم ہوگیا جبکہ مزید گاڑیاں طلب کر لی گئی ہیں جبکہ مین بلیوارڈ گلبرگ ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔