Oct 21, 2020 04:10 pm
views : 205
Location : Domestic Place
Karachi- Explosion kills five, injures 27 in Karachi's Gulshan Iqbal
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں دھماکے سے 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب دھماکا ہوا ہے، دھماکا 4 منزلہ رہائشی عمارت کی پہلی منزل پر ہوا۔ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر نجی بینک اور 3 دکانیں بھی قائم ہیں۔ دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس سے ناصرف عمارت کی 2 منزلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں بلکہ پارکنگ میں کھڑی گاڑیاں بھی ملبے تلے دب گئیں۔
دھماکے کے 19 زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا ہے جن میں سے 5 دم توڑ گئے ہیں جب کہ 7 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے 2 کی شناخت ہوگئی ہے، وہ عمارت کے نیچے واقع نجی بینک کے سیکیورٹی گارڈز تھے۔
واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے۔ ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ علاقے کو مکمل طور پر سیل کرکے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پولیس اپنا کام کر رہی ہے، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے، تحقیقات کے بعد ہی صحیح بات بتائی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے کیماڑی میں گزشتہ روز بھی دھاکا ہواتھا جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔