اسلام آباد میں بیٹھے لوگ فیصلے کرتے ہیں لیکن عوام کی بات نہیں سنتے، بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں گے، ایسا سیاستدان نہیں جو اپنے وعدوں سے مکرجاؤں، بھٹو کا نواسہ ہوں، یوٹرن نہیں لیتا۔
گلگت بلتستان کے علاقے گانچھے میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کا دیکھیں کیا حال کر دیا، میں اور آپ مل کر گلگت بلتستان کی تقدیر بدلیں گے۔ صرف الیکشن کےلیے یہاں نہیں آیا، جو وعدہ 2018 میں کیا تھا آج بھی وہی ہے، جس طرح آپ نے ڈوگراراج سے آزادی حاصل کی اسی طرح موجودہ حکومت سےحاصل کریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہماری حکومت بنے گی، آپ کی اسمبلی جو قرارداد پاس کرے گی اسے قومی اسمبلی سے پاس کرائیں گے، ہماری قیادت نے عالمی سطح پر پاکستانیوں کو روزگار دلایا، غریب ترین لوگوں کی مدد کے لیے بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام دیا، اس کے برعکس موجودہ حکومت پاکستانی عوام سے روزگار چھین رہی ہے۔