کوئٹہ،بلاول بھٹو کا عمران خان پر سی پیک کو ناکام بنانے کی کوششوں کا الزام
پاکستان
پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران
خان پر پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو ناکام بنانے کا الزام عائد
کردیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ
(پی ڈی ایم) کے کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں تیسرے جلسے سے ویڈیو لنک کے
ذریعے خطاب کیا۔
انہوں نے خطاب کے آغاز میں کہا کہ میں گلگت بلتستان کے
پہاڑوں سے اپنے بلوچ بھائیوں، بہنوں، بچوں، ماؤں سے مخاطب ہوں، کچھ لوگ
چاہتے ہیں پی ڈی ایم ٹوٹ جائے، پیپلز پارٹی اپوزیشن اتحاد سے پیچھے نہیں
ہٹے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سی پیک جیسے منصوبے کو ناکام بنانا
چاہ رہے ہیں، گوادر اور گلگت بلتستان کے عوام کو اس میگا پراجیکٹ سے فائدہ
نہیں پہنچایا جارہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کا
یہ اتحاد وزیراعظم عمران خان کو سندھ اور بلوچستان کے آئی لینڈز پر قبضہ
نہیں کرنے دے گا۔
پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ملک کی ساری جمہوری
جماعتیں نہ صرف اسٹیج پر ہیں بلکہ ایک پیج پر ہیں، ہمارا ساتھ دیں تاکہ ہم
ملک کے اداروں، جمہوریت کو بچا سکیں، دنیا کی کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں
روک سکتی۔