اسلام آباد، پاکستان میں سزا مکمل کرنے والے 5 بھارتی جاسوس رہا
بھارتی ہائی کمیشن نے فوجی عدالت سے سزا پانے والے اپنے مجرمان کی رہائی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف پیش کیا گیا تھا کہ لاہور جیل میں قید 3 بھارتی مجرم اور کراچی جیل کے ایک مجرم کو پاکستان میں جاسوسی اور دہشت گرد کاروائیوں پر سزا ہوئی، جیل میں موجود بھارتی قیدی اپنی سزا پوری کر چکے، قانونی طور پر ایسی کوئی وجہ نہیں کہ وہ جیل میں قید رہیں، سزا پوری کرنے کے بعد قیدیوں کو جیل میں رکھنا آئین پاکستان کے تحت دی جانے والے حقوق کی خلاف ورزی ہے، قیدیوں کو رہا کرکے واپس بھارت بھیجنے کی ہدایت کی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دہشت گردی اور جاسوسی میں ملوث بھارتی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے درخواست پر سماعت ہوئی، 8 بھارتی شہریوں کی رہائی کی لیے دائر درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کی، وزارت داخلہ کی جانب سے رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی، ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ نے عدالت کو بتایا کہ 5 بھارتی قیدیوں کو سزا مکمل ہونے پر 26 اکتوبر 2020 کو رہا کردیا گیا۔
عدالت نے 4 بھارتی شہریوں کو رہا کرنے سے متعلق ایک درخواست نمٹا دی، کیس کی مزید سماعت پانچ نومبر تک ملتوی کردی گئی۔