Nov 06, 2020 03:50 pm
views : 228
Location : Domestic Place
Islamabad- PM Imran Khan says role of railways 'crucial in journey to Naya Pakistan'
حسن ابدال، چاہتا ہوں پاکستان کو کبھی کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں پاکستان ایسا ملک بنے جسے کبھی کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں۔
وزیراعظم عمران خان نے حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے پاکستان کے سفر میں ریلوے کا بہت اہم مقام ہے، کیونکہ یہ عام اور غریب آدمی کی سواری ہے، بد قسمتی سے ہم نے انگریز کے دیے گئے ریلوے نظام کو ترقی نہیں دی بلکہ اس میں بھی 50 کلومیٹر پٹری کم کردی، ایم ایل ون سے پاکستان میں پہلی بارریلوے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری آرہی ہے، ایم ایل ون بننے کے بعد کراچی سے لاہور کا سفر صرف 7 گھنٹے کا رہ جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ میری خواہش ہے پاکستان ایسا ملک بنے جسے کبھی کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں اور قرضے نہ مانگنے پڑیں، بدقسمتی سے ہمیں مقروض پاکستان ملا تھا، ہمیں ہر دوسرے ملک کے سامنے ہاتھ پھیلانے پڑتے ہیں، لیکن اب معیشت اٹھنی شروع ہوگئی اور تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ حسن ابدال ریلوے اسٹیشن سے سکھ برادری کو بہت سہولت ملے گی، سیاحت کو بہتر بنانے کے لیے ہمیں ہر طرح کی سہولیات دینی ہیں، میں چاہتا ہوں پاکستان ایسا ملک جہاں باہر سے لوگ سیاحت اور مذہبی زیارتوں پر آئیں، اگر ہم صرف اپنی سیاحت کو ترقی دیں لیں تو ہمیں کبھی باہر سے چاہے آئی ایم ایف ہو یا کوئی ملک اس سے قرضہ نہ مانگنا پڑے۔
وزیراعظم نے شیخ رشید کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ میں جب 24 سال پہلے سیاست میں آیا تھا، آپ اتنے ہی نوجوان لگ رہے ہیں جیسے 24 سال پہلے تھے، اس پر شیخ رشید کی باچھیں کھل اٹھیں اور وہ ہنسنے لگے۔