Nov 11, 2020 05:05 pm
views : 231
Location : Domestic Place
Islamabad- COVID-19 2nd wave, NCOC decides to immediately close cinemas, theaters and shrines
اسلام آباد، این سی او سی کی مزارات وسینما گھر فوری بند، سردیوں کی چھٹیاں جلدی دینے کی سفارش
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت اقدامات تجویز کرتے ہوئے بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی کی سفارش کردی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ بیماری میں 3 گنا اضافہ ہوا ہے لہذا زیادہ خطرے والے علاقوں میں پابندیاں بڑھائی جائیں۔
این سی او سی کے مطابق تعلیمی اداروں میں مثبت کیسز کا تناسب بڑھ رہا ہے جسے روکنے کی ضرورت ہے، اجلاس میں تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات پیشگی شروع کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی تاہم 16 نومبر کو وفاقی وزیر تعلیم این سی او سی میں صوبائی وزرائے تعلیم کے ساتھ ملاقات کریں گے، مشاورتی مباحثے کے بعد سفارشات صوبوں کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث این سی او سی نے ایک بار پھر ملک میں بڑے اجتماعات پر پابندی کی تجویز دی ہے، ملک میں تیزی سے بڑھتے کورونا کے مثبت کیسز کے باعث زندگیاں بچانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ اکتوبر کے وسط سے بڑے اجتماعات پر پابندی کی تجویز آنے کے بعد سے کورونا کیسز کی تعداد تقریبا 3 گنا بڑھ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر کی سیاسی قیادت کی جانب سے قوم کو کورونا سے متعلق حفاظتی اقدامات کرنے اور ایس او پیز پر عمل کرنے کے لیے پیغام جانا چاہیے۔