Nov 18, 2020 04:35 pm
views : 212
Location : Domestic Place
Faisalabad- Govt's duty to provide facilities to nation, PM Imran
فیصل آباد، تاجر جائز نفع کمائیں، چینی مافیا کی طرح ناجائز منافع خوری نہ کریں، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد میں برآمد کنندگان اور تاجر بردران کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے وہ شہریوں کو سہولیات فراہم کرے، ملکی مسائل کی کمی میں بلدیاتی نظام اہم کردار ادا کرتا ہے، پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لارہے ہیں جو ملکی تاریخ کا سب سے بہترین نظام ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ فیصل آباد جیسا شہر کبھی بھی صرف صوبائی ترقیاتی فنڈ سے ٹھیک نہیں ہوسکتا، صرف لاہور پر پیسہ خرچ کریں گے تو پنجاب کے باقی شہر پیچھے رہ جائیں گے، نئے نظام میں ہر شہر کا اپنا الیکشن ہوگا یعنی میئر کا براہ راست الیکشن ہوگا، بلواسطہ الیکشن نہیں ہوگا کہ پہلے یوسی ناظم کا الیکشن ہو جو میئر منتخب کرے کیونکہ اس نظام میں پیسہ چلتا ہے، وہ نظام ناکام ہوچکا ہے، میئر اپنی کابینہ منتخب کرے گا جس میں ماہرین ہوں گے، مثلا آبی ماہرین اور ماہرین تعلیم، فیصل آباد میں ہائیکورٹ بینچ کے قیام کی بات سے بھی متفق ہوں، ایک دن آئے گا کہ مانچسٹر کہے گا کہ فیصل آباد ہم سے آگے نکل گیا، انسان کو سوچ بڑی رکھنی چاہیے۔
عمران خان نے بتایا کہ حکومت نے معیشت سے متعلق مشکل فیصلے کیے، مشکل حالات میں ہمارے دوست ممالک نے معاشی طور پر مدد کی، 60 کی دہائی میں پاکستان کی ترقی کی مثالیں دی جاتی تھیں، دبئی کے شیخ پاکستان اپنی چھٹیاں منانے آتے تھے، ہم کیسے نیچے آئے یہ بہت دکھ بھری کہانی ہے، بھٹو نے اسلامی سوشلزازم کے نام پر قومیانے کا عمل شروع کیا حالانکہ اس وقت ہماری صنعتیں ترقی کررہی تھیں، اس سے صنعتی ترقی رک گئی، ملک میں تھوڑے سے لوگوں کے پاس بہت سا پیسہ آیا، ہمیں چاہیے تھا کہ ایسا قانون بناتے کہ غریبوں کے پاس پیسہ جاتا، ملک میں غربت اس وقت بڑھتی ہے جب ایک خاص طبقہ ملکی دولت خرچ کرتا ہے، منافع کمانا جرم نہیں ہے لیکن جائز طریقے سے پیسہ بنایا جائے اور ٹیکس دیا جائے، ناجائز منافع خوری نہ کی جائے، جیسے چینی مافیا نے گٹھ جوڑ کرکے چینی مہنگی کی، حکومت اس کے خلاف ہے۔