Dec 01, 2020 01:28 pm
views : 231
Location : Supreme Court of Pakistan
Islamabad- Supreme Court has taken notice of the Ten Billion Tree project.
اسلام آباد، سپریم کورٹ نے ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کے معاملے پر نوٹس لے لیا
چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے دریاؤں اور نہروں کے کناروں پر شجرکاری سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
سپریم کورٹ نے ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کے معاملہ پر نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی کو طلب کرلیا، عدالت نے سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی کو حکم دیا کہ ٹین بلین منصوبہ کا سارا ریکارڈ بھی ساتھ لایا جائے۔
سندھ حکومت کی طرف سے رپورٹ نہ آنے پر عدالت نے سرزنش کرتے ہوئے حکم دیا جھیلوں اور شاہراؤں کے اطراف بھی درخت لگائے جائیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سندھ حکومت کے معاملات سمجھ سے بالاتر ہیں ،سندھ واحد صوبہ ہے جس کے معاملات کچھ اور ہی طرح چلتے ہیں، سندھ سے جتنے بھی افسران آئے ہیں کسی کو ٹی اے ڈی اے نہیں ملے گا، عدالتی حکم عدولی پر سندھ کے افسران کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کریں گے۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے اسلام آباد انتظامیہ کے نمائندے سے مکالمے کے دوران ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد انتظامیہ بڑی مغرور ہے، اسلام آباد میں پانچ لاکھ درخت کہاں لگائے ہیں؟ آپ نے سارے درخت بنی گالہ میں ہی لگائے ہوں گے۔
سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا کے سیکرٹری ماحولیات کی بھی سرزنش کی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ خیبر پختونخوا کا محکمہ ماحولیات چور اور آپ اس کے سربراہ ہیں، آپ کو تو سیدھا جیل بھیج دینا چاہیے۔