Dec 03, 2020 03:39 pm
views : 214
Location : Different Places
Islamabad- Pakistan Coronavirus: 406,810 Cases and 8,205 Deaths
پاکستان میں چار لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس کا شکار
ملک بھر میں کورونا وبا کے مریضوں میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس مہلک وائرس نے مزید 39 افراد کی جانیں لے لیں جب کہ 4 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا تیسرا کورونا ٹیسٹ منفی آ گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ17روز کوورونا میں مبتلا رہے۔ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انہوں نے خود قرنطینہ کر لیا تھا
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 42 ہزار 904 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 56 لاکھ 27 ہزار 539 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 499 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 6 ہزار 810 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں ایک لاکھ 77 ہزار 625، پنجاب میں ایک لاکھ 21 ہزار 083، خیبر پختونخوا میں 47 ہزار 919، اسلام آباد میں 31 ہزار 165، بلوچستان میں 17 ہزار 268، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 067 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 683 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد بڑھ کر 51 ہزار 654 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 469 کی حالت تشویشناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 39 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار 205 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 586 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 46 ہزار 951 ہوگئی ہے۔