لاہور جائیں گے اور کوئی ہمیں نہیں روک سکتا، فضل الرحمان
پی
ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملتان کے بعد اب ہم
لاہور جائیں گے اور کوئی ہمیں نہیں روک سکتا ہماری تحریک حکومت کے دھڑن
تختے تک جاری رہے گی۔
لکی مروت میں جے یو آئی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب تک عالم اسلام پر موجودہ حکمرانوں کی طرح
لوگ مسلط ہیں ہم عالم کفر کے لیے آسان شکار ہیں، موجودہ حکمرانوں نے کشمیر
پر بھارت کے قبضے کو قانونی شکل دے دی، ہمارے نااہل حکمرانوں نے بھارت کو
خطے میں بالادستی دلا دی ہے، پاکستان کی پوری تاریخ میں ایسا نااہل حکمران
نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اس وقت یتیم ہے، اسرائیل کو
بالادستی دلائی جا رہی ہے، کورونا وائرس کی آڑ میں بچوں کا مستقبل تباہ کیا
جا رہا ہے، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ تعلیمی اداروں کو فوراً کھول دیا جائے۔
مولانا
فضل الرحمان نے کہا کہ لاہور جلسے میں بھرپور شرکت کریں گے، ملتان میں جو
حشر کیا ہے لاہور میں اس سے بھی بدتر حالت کریں گے، حکمران سیاسی کارکنوں
کو گرفتار کرکے بدمعاشوں کے ساتھ جیل میں بند کر رہے ہیں، ہماری تحریک اس
وقت تک جاری رہے گی جب تک موجودہ حکومت کا دھڑن تختہ نہیں ہو جاتا۔
انہوں
نے مزید کہا کہ اب لاہور جائیں گے اور کوئی ہمیں نہیں روک سکتا، ہم ملتان
میں پولیس تشدد اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم نے موجودہ حکومت
کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے۔