اسلام آباد، بھارت خطے میں جمہوریتوں کو ناکام بنانے کی سرگرمیوں میں ملوث ہے، وزیر اعظم
اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلسل عالمی برادری کی توجہ بھارت کی ان تخریبی سرگرمیوں کی طرف مبذول کروا رہا ہے۔ بھارت جعلی خبر رساں اداروں اور تھنک ٹینکس کے ذریعے دوسرے ممالک میں انتہا پسندی پھیلا رہا ہے۔ حال ہی میں حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ کو بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے سلسلے میں ڈوزیئر فراہم کیے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا یورپی یونین کے ایک ادارے نے وسیع پیمانے پر پھیلے بھارتی تخریبی سرگرمیوں کے نیٹ ورک کے بارے انکشافات کیے۔ یورپی یونین کے ادارے کے انکشافات نے پاکستان کے موقف کو درست ثابت کیا اور اس سے انکار کرنے والوں کو بے نقاب کردیا۔ عالمی برادری کو ایک فتنہ پرور بھارتی حکومت کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔ بھارت کی انتہاپسند حکومت سے اب عالمی نظام کے استحکام کو خطرہ ہے۔
واضح رہے کہ یورپی ادارے ای یو ڈس انفو لیب نے اپنی ایک تحقیق میں بھارتی پراپیگنڈے کے نیٹ ور کو بے نقاب کیا ہے۔ تحقیق کے مطابق ای یو کرانیکل ویب سائٹ بھارتی پروپیگنڈا مہم میں نیا اضافہ ہے۔