Dec 16, 2020 07:21 pm
views : 240
Location : Domestic Place
Peshawar:Nation observes 6th anniversary of APS Peshawar attack
پشاور، سانحہ آرمی پبلک اسکول کو چھ برس بیت گئے، قوم کے زخم آج بھی تازہ ہیں،
پشاور میں 6 سال قبل ہونے والے سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) میں شہید ہونے والوں کی آج چھٹی برسی منائی جارہی ہے۔سولہ دسمبر دو ہزار چودہ کو سفاک دہشت گردوں نے اے پی ایس پر بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے 132 طالبِ علموں اور عملے کے 17 افراد کو شہید کردیا تھا۔اس دن اے پی ایس میں حصول علم میں مشغول طالبعلم آڈیٹوریم میں جمع تھےکہ اسکول کے عقبی راستے سے سفاک قاتل داخل ہوئے اور ہر طرف گولیوں کی بوچھاڑ کر دی اور اسکول کے اندر معصوم بچوں کو خون میں نہلا دیا۔حملے کی چھٹی برسی کے سلسلے میں مرکزی تقریب اے پی ایس کیمپس کے شہدا ہال میں منعقد کی جائے گی جس میں غمزدہ والدین شرکت کریں گے۔سانحہ کو پانچ سال پورے ہونے کے بعد آج بھی بچھڑنے والوں کا غم اسی طرح تازہ ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے سانحے میں شہید ہونے والوں اور ان کے اہلِ خانہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے اس انتہائی اندوہناک حملے پر پوری قوم آج بھی غمزدہ ہے اور یہ ننھے ہیروز ہمارا فخر ہیں، اے پی ایس واقعے کے بعد قوم نے مل کر دہشت گردوں سے لڑنے کا فیصلہ کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اے پی ایس کے اندوہناک اور دلخراش سانحہ کے غم آج بھی تازہ ہیں، اس دن کو ملکی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔معصوم پھولوں کی لازوال قربانی نے پوری قوم کو یکجا کیا، معصوموں کی قربانیاں رنگ لائیں گی، دہشتگردی کی اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔