پاکستان میں مہلک وائرس کورونا کے وار جاری، مزید 71 افراد جاں بحق ہوگئے
پاکستان میں مہلک وائرس کورونا کے وارجاری ہیں،وبا سے مزید اکہتر افراد انتقال کرگئے ہیں جب کہ مزید دو ہزار پانچ سو پینتالیس افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک بھر میں چوبیس گھنٹوں میں چالیس ہزار نوے ٹیسٹ کیے گئے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد بیالیس ہزار آٹھ سو اکیاون ہوگئی ہے، جن میں سے دو ہزار پانچ سو پانچ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد نو ہزار اسی ہوگئی ہے جب کہ مجموعی کیسز چار لاکھ اڑتالیس ہزار پانچ سو بائیس تک جا پہنچے ہیں ،چوبیس گھنٹوں میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح6.3 رہی ۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق ملک کی مختلف جیلوں میں عمر رسیدہ قیدیوں کو کورونا کے خطرے کا سامنا ہے۔دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے کراچی، پشاور، لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں اسمارٹ لاک ڈائون نافذ ہے، حکومت کے جانب سے عوام سے ایس او پیز پر عملدرآمد کی اپیل کی گئی ہے۔