ناسا نے لاہور اور دہلی کی خلا سے لی گئی تصویر جاری کردی
امریکی خلائی ادارے (ناسا) نے انسٹا گرام پر خلا سے لی گئی ایک تصویر جاری کی ہے جس میں کوہ ہمالیہ، لاہور اور دہلی نظر آرہے ہیں۔بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے لی گئی تصویر میں برف سے ڈھکی ہمالیہ کی ہیبت ناک چوٹیوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔اس سحر انگیز تصویر میں کوہ ہمالیہ کی دائیں جانب لاہور اور بھارتی شہر دلی کی روشنیاں بھی واضح ہیں۔ سورج کی تابکار شعاؤں سے مدھم نارنجی دکھائی دینے والے فضائی ذرات کے نیچے نئی دہلی اور لاہور کی چمک دار روشنیاں بھی واضح طور پر نظر آرہی ہیں۔
ناسا نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ شمال میں یا تصویر میں دائیں جانب شمالی بھارت اور پاکستان کا زرخیز علاقہ واقع ہے جبکہ شمال میں یا تصویر کے بائیں جانب تبت کا سطح مرتفع کا خشک علاقہ ہے جسے دنیا کی چھت بھی کہا جاتا ہے۔ناسا کی اس تصویر کو سوشل میڈیا صارفین نے خوب سراہا اور لائکس اور تبصروں کے ڈھیر لگ گئے۔ لوگ تعجب کا اظہار کررہے ہیں کہ فضا میں اس قدر بلندی سے کیا واقعی یہ شہر نظرآسکتے ہیں۔