بھارت، پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کی منصوبہ بندی کررہا ہے، وزیر خارجہ
ابوظبی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے خفیہ ذرائع سے پتا چلا ہے کہ بھارت، پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور بھارت نے اہم 'کھلاڑیوں' سے اس کی منظوری لینے کے لیے رابطہ بھی کیا ہے جنہیں وہ اپنا پارٹنر تصور کرتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے اہم ممالک تک یہ بات پہنچا دی ہے اور ہمارے پاس موجود تمام معلومات ان سے شیئر کردی ہیں لہٰذا وہ بھی بھارتی منصوبوں اور ہمارے عزم سے پوری طرح آگاہ ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے ڈوزیئر کے ذریعے بھارت کے منصوبوں کو بے نقاب کردیا اور اس ڈوزیئر کو میڈیا اور بین الاقوامی برادری سے اس سال 14 نومبر کو شیئر کردیا گیا تھا جس میں پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوتوں کی نشاندہی کی گئی
وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ یہ خطے کے امن اور استحکام کو داؤ پر لگا دے گی اور اس کے تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے جبکہ میں پاکستان کے مؤقف کی تائید پر عالمی برادری کو سراہتا ہوں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نےمقبوضہ کشمیر کی خراب صورتحال ،کسانوں ،اقلیتوں کے احتجاج ہیں اور کورونا وائرس سے نمٹنے میں ناکامی جیسے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے یہ منصوبہ بنایا ہے۔