اسلام آباد،ایل او سی پر اقوام متحدہ کی گاڑی پر بھارتی فائرنگ، پاکستان کا شدید احتجاج
ایل او سی پر بھارتی فوج کی اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ سے یو این مبصرین بال بال بچ گئے، واقعے پر دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔بھارتی فوج نے ایک بار پھر ایل او سی پر چڑی کوٹ سیکٹر میں اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ کردی ،فائرنگ سے اقوام متحدہ کی گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم دونوں فوجی مبصرین محفوظ رہے جنہیں پاک فوج نے بحفاظت راولاکوٹ منتقل کیا۔
پاکستان نے بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ اس سلسلے میں بھارتی ناظم الامور سریش کمار کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے کہا گیا کہ اقوام متحدہ مبصرین پر جان بوجھ کر حملہ قابل مذمت ہے۔
بھارت پر زوردیا گیا کہ 2003 کے جنگ بندی سمجھوتے کا احترام کرتے ہوئے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی سے باز رہے اور اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے تفویض کردہ فرائض ادا کرنے کی اجازت دے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اقوام متحدہ مبصرین سے اظہار یکجہتی کرتی ہے، پاک فوج نے ہمیشہ فوج مبصرین کومکمل احترام دیا اور انہیں دی گئی ذمہ داریوں میں کبھی خلل نہیں ڈالا۔