کراچی،بلوچستان کی محرومیاں دور کئے بغیر پاکستان کی ترقی ممکن نہیں۔ بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی محرومیاں دور کئے بغیر پاکستان کی ترقی کسی صورت ممکن نہیں ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے چیئر مین سردار اختر مینگل سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کےدرمیان ملاقات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حکومت مخالف تحریک پربھی گفتگو کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے اختر مینگل کو گڑھی خدا بخش میں 27 دسمبر کے جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔دونوں رہنمائوں نے بلوچستان کی سیاسی و سماجی صورت حال پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بلوچستان کو حقوق کی فراہمی کے سلسلے کا آغاز کیا۔ بلوچستان کی محرومیاں دور کئے بغیر پاکستان کی ترقی ممکن نہیں۔ بلوچستان کے وسائل پر سب سے پہلے بلوچ عوام کا حق ہے۔