اسلام آباد ، جس کا دل چاہتا ہے لانگ مارچ کرلے ہم استقبال کے لیے تیار ہیں، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں وزیر اعظم عمران خان 5سال پورے کریں گے، انہوں نے کہا ک جس کا دل چاہتا ہے لانگ مارچ کرلے ہم استقبال کے لیے تیار ہیں۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قوم کو آگے لے کرجائیں گے، وہ معیشت کو بھی بہتر کریں گے، عمران خان کی وجہ سے پولیس کو پہلی مرتبہ عزت ملنے جارہی ہے، 23 دسمبر کو وزیراعظم پولیس لائنز میں تقریب میں شرکت کریں گے۔
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے، جنہیں استعفے فروری میں دینے ہیں وہ کل دے دیں شوق پورا کریں، جس کا دل چاہتا ہے آ جائے لانگ مارچ کرے، ہم استقبال کے لیے تیار ہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان نے مجھ پر اعتماد کیا ہے، 100 دن میں وزارت داخلہ میں تبدیلی ہوگی، اس وقت 10 ممالک میں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے اجرا کا انتظام ہے، دنیا بھر میں وزارت خارجہ سے مل کر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھجوائیں گے۔ ایک لاکھ شناختی کارڈ روز جاری ہوں گے جب کہ پہلا مفت ہوگا، تمام تحصیلوں میں شناختی کارڈ دفاترکھولے جائیں گے، جو تحصیلیں رہ گئی ہیں وہاں ہر ہفتے ایک دفتر کھولیں گے۔