یو اے ای کو بتادیا اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود
ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران انہوں نے ابوظہبی ،شارجہ اور دبئی میں پاکستانیوں کے مشکلات پر بات کی، پاکستانیوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے ویزوں کا مسئلہ عارضی ہے، جلد حل ہوجائیگا،شاہمحمود قریشی نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات یا سعودی عرب بھارت کو پاکستان پر فوقیت نہیں دیتے، بہت جلد عرب امارات کی قیادت پاکستان کادورہ کرے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے عرب امارات قیادت سے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار پر بات کی، اسرائیل کے بارے میں عرب امارات کا موقف بھی سنا اور اسرائیل سے تعلقات کے بارے میں واضح موقف پیش کیا، ہمیں کسی کے دباؤ پر نہیں پاکستان کو سامنے رکھ کر فیصلے کرنے ہیں، اسرائیل سے متعلق نہ تو ہم دباوَ برداشت کریں گے اور نہ ہی ہم پر کوئی پریشر ہے، میں نے واضح کردیا کہ فلسطین اور مسئلہ کشمیرپر ہمارا موقف دنیا پر عیاں ہے، مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل سے تعلق نہیں رکھیں گے۔