کراچی، سرآدم جی پارک کی
حوالگی سے متعلق جیتپور میمن ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس میں اہم فیصلے
سامنے آگئے، دو برادریوں کے دست وگریباں ہونے سے گریز کرنے پر اتفاق،
معاملے کے حل کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دیدی گئی
جیت پور میمن ایسوسی ایشن کے صدر آصف مجید کی زیر صدارت منیجنگ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سرآدم جی پارک کی حوالگی سے متعلق تفصیلی طور پر غوروخوص کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرآدم جی پارک کی حوالگی سے متعلق دو اہم برادریوں کو چاہئے کہ کسی بھی انتہائی اقدام کی طرف بڑھنے کی بجائے معاملے کو افہام وتفھیم سے ہی حل کرلیا جائے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بابائے تعلیم کا لقب پانے والے سرآدم جی جیتپور میمن جماعت سے تعلق رکھتے تھے چنانچہ آئینی، اخلاقی اور قانونی طور پر پارک کو جیتپور میمن ایسوسی کے حوالے کیا جانا چاہئے۔
اس ضمن میں جیتپور میمن ایسوسی ایشن کی جانب سے متعلقہ حکام کو ایک مکتب بھی ارسال کردیا گیا ہے۔ جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو ادا کرتے ہوئے پارک کی حوالگی کیلئے جراتمندانہ فیصلہ کیا جائے۔