وزیر اعظم پاکستان عمران خان
کہتے ہیں کہ ماضی میں غلط راستے پر چلنے والے حکمران آج نشان عبرت بن
چکے ہیں، عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ سیاستدان کبھی اسپتال جارہے ہیں اور
کبھی باہر بھاگ رہے ہیں
اسلام آباد،اسلام آباد پولیس لائنز میں پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ ماضی میں جن سیاستدانوں کو اللہ نے موقع دیا اور وہ ملک کے سربراہ بن گئے، ان کے سامنے بھی دو راستے تھے اور وہ حلال کما سکتے تھے، لیکن وہ اس راستے پر چل پڑے کہ آج عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں، ان کے پاس اتنا پیسہ ہے کہ خود انہیں اس کا پتہ نہیں، لیکن کبھی اسپتالوں کے چکر لگارہے ہیں، کبھی ملک سے باہر جارہے ہیں، ان کے بچے بھی باہر بھاگے ہوئے ہیں، وزیر اعطم نے کہا کہ کیا باپ کی چوری بچانے کے لیے ان کے بچوں کو جھوٹ بولنا پڑ رہا ہے، فائدہ ایسے پیسے کا، یہ پیسہ تو اللہ کا عذاب ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جس کی مال اور جان کی حفاظت نہیں ہوتی وہ قوم ترقی نہیں کرسکتی، فوج سرحدوں پر قوم کی جان و مال کی حفاظت کرتی ہے اور پولیس ملک میں عوام کا تحفظ کرتی ہے، لیکن پولیس کا آج تک وہ مقام نہیں بنا جس کی وہ مستحق ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پولیس سمیت کسی کو بھی تنخواہ دار طبقے کو ملنے والی تنخواہ کافی نہیں، مہنگائی بڑھتی گئی ہے، تنخواہیں اتنی نہیں جتنی ملنی چاہئیں۔ پولیس کی تنخواہوں سے متعلق حفیظ شیخ سے بات کروں گا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ملک میں سب کچھ ہے صرف گورننس کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، جب تک ہماری آمدنی نہیں بڑھتی ساری قوم کو صبر کرنا پڑے گا، آگے حالات بہتر نظر آرہے ہیں، آمدنی بڑھتی جائے گی تو تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں گے، اسلام آباد پولیس کو ہیلتھ کارڈ دیں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا، عمران خان کو چاق چوبند دستوں نے سلامی دی، انہوں نے پیشہ ورانہ تربیت کا بہترین مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔