صدر پاکستان عارف علوی نے
سینیٹ کے الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعےکرانے کے لیے سپریم کورٹ سے رائے مانگ
لی ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے ریفرنس عدالت عظمیٰ بھجوانے کی منظوری دیدی۔
اسلام آباد،سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کے حوالے سے بڑی پیشرفت۔ صدر مملکت عارف علوی نے معاملے پر سپریم کورٹ کی رائے حاصل کرنے کیلئے صدارتی ریفرنس پر دستخط کر دیئے۔صدر مملکت کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ میں ریفرنس جلد دائر کیا جائے گا،
ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعےکرانے کیلئے آئین کے آرٹیکل 186 کے تحت ریفرنس سپریم کورٹ بھجوانے کی وزیرِاعظم کی تجویزکی منظوری دے دی ہے۔ ریفرنس میں آئین میں ترمیم کے بغیر الیکشن ایکٹ 2017ء کے سیکشن (6) 122 میں ترمیم کرنے پر سپریم کورٹ کی رائے مانگی گئی ہے۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ سینٹ میں خفیہ بیلیٹنگ سے ارکان کی خرید و فروخت میں کالا دھن استعمال ہوتا ہے، خفیہ ووٹنگ کی وجہ سے سینٹ الیکشن کے بعد شفافیت پر سوال اٹھائے جاتے ہیں، سینٹ کا الیکشن اوپن بیلٹ کے تحت ہو سکتا ہے، اور اس کے ذریعے سینٹ الیکشن میں شفافیت آئے گی، اہم آئینی نکتے پرسپریم کورٹ رائے دے۔
وفاقی کابینہ اس معاملے پر 15 دسمبر کو سپریم کورٹ سے رائےلینے کی منظوری دے چکی ہے۔پی ٹی آئی حکومت ایوان بالا کے آئندہ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کی خواہاں ہے