بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش ملی جوش و جذبے سے منایا گیا،مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقارتقریب منعقد ہوئی، صدر مملکت عارف علوی کا قائد اعظم کو خراج تحسین
کراچی، قائد اعظم محمد علی جناح کا 144واں یوم پیدائش ملی جوش و جذبے سے منایا گیا، دن کا آغاز مملکت پاکستان کی سلامتی،ترقی و خوشحالی کی دعائوں سے ہوا، یوم قائد کے حوالے سے ملک بھر میں پروقار تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز، مذاکروں اور مباحثوں کا انعقاد کیا گیا۔ وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا جب کہ کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کےکیڈٹس نےگارڈز کےفرائض سنبھال لیے۔
صدرمملکت عارف علوی نے بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کےیوم پیدائش کےموقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ برصغیرکےمسلمانوں کیلئےالگ وطن حاصل کرنے پرقائداعظم کوخراج تحسین پیش کرتےہیں، ایسی ریاست کی تعمیرچاہتےہیں جہاں تمام شہریوں کوترقی کےیکساں مواقع میسرہوں۔گورنر و وزیراعلیٰ سندھ نے مزار قائدؒ پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔