پاکستان کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی سامنے آگئی ، سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے
کراچی، پاکستان کے بالائی اور وسطی علاقوں میں ہفتے اور اتوار کو بارش اور برف باری کی پیش گوئی سامنے آگئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتے کی رات کو مغربی علاقوں میں داخل ہوگا جو اتوار کے روز بالائی اور وسطی علاقوں تک پھیل جائے گا۔ موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں کہ ہفتہ کی شام سے اتوار کے دوران کوئٹہ ، ژوب ،زیارت، بارکھان اور قلعہ سیف اللہ میں بارش اورپہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار سے کراچی میں نئے مغربی سلسلے کے تحت معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور ہواؤں کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ سکتی ہے۔ پیر سے بدھ تک کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ رہے گا۔ حکام کے مطابق شہر میں ان تین روز کے دوران کم سے کم پارہ سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ ہوسکتا ہے اور سردی کا 7 سالہ ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے۔