گلگت بلتستان میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2 میجر سمیت 4 فوجی شہید ہوگئے
راولپنڈی، گلگت بلتستان میں شہید سپاہی کی میت لے جانے والا فوجی ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے سبب گر کر تباہ ہوگیا جس کے سبب دو میجر اور دو جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گلگت بلتستان میں آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا جس میں بیٹھے دو میجر اور دو جوان شہید ہوگئے۔ شہدا میں پائلٹ میجر محمد حسین، کوپائلٹ میجر ایاز حسین، نائیک انضمام عالم اور سپاہی محمد فاروق شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر منی مرگ کے علاقے سے شہید سپاہی عبدالقدیر کی میت کو لے کر کمبائنڈ ملٹری ہاسپٹل (سی ایم ایچ) اسکردو جارہا تھا کہ اسے حادثہ پیش آگیا۔سپاہی قدیر کامری سیکٹر میں برفانی تودے کی زد میں آ کر شہید ہوئے تھے۔