ایک دوسرے کو سڑکوں پر
گھسیٹنے والے آج ایک دوسرے کے مہمان بن گئے، سینیٹر شبلی فراز کہتے ہیں
بدترین مخالفین کی گھر آمد نے بھٹو اور بینظیر کی روح کو تڑپا دیا ہوگا
اسلام آباد، وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ لاہور اور لاڑکانہ کی سڑکوں پر ایک دوسرے کو گھسیٹنے کے اعلان کرنے والے آج ایک دوسرے کے گھروں کے مہمان بن گئے اور یہی ان کی اصلیت ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ آج ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کی روح کو تکلیف پہنچ رہی ہوگی کہ ان کے فلسفے اور نظریات کے بد ترین مخالف آج ان کے گھر براجمان ہیں۔
سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا لاڑکانہ جانا (اوپر سے لڑائی اندر سے بہن بھائی )کی تاریخی حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے، یہ عوام کے سامنے کچھ اور پیچھے کچھ اور ہیں، ان کا ایجنڈا اپنی ذات سے شروع ہو کر اپنی ذات پر ختم ہو جاتا ہے، ان کے پاس عوام کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں جب بھی کرپشن، دو نمبری، ہارس ٹریڈنگ، چھانگا مانگا، چمک اور بریف کیس کا نام آئے گا تو نواز شریف کا نام آئے گا۔ عمران خان عوام کا تابعدار اور چوروں لٹیروں کیلئے تھانے دار ہے۔