صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا،گرم کپڑوں کی مانگ میں اضافہ ،شہریوں نے لنڈا بازار کا رخ کر لیا
کوئٹہ، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شدید سردی کی لپیٹ میں آگیا، وادی میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرا تو شہر میں گرم کپڑوں اور جیکٹس کی طلب بڑھ گئی ، ایسے میں مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے غریب عوام کا واحد سہارا لنڈے کے گرم کپڑے ہیں ، صوبائی درالحکومت کے شہریوں نے لنڈا بازاروں کا رخ کر لیا ہے جہاں بچوں اور بڑوں کے لیے گرم ملبوسات کی بھرپور ورائٹی موجود ہے۔
لنڈا بازار غریب کے ساتھ ساتھ اب متوسط طبقے کا بھی سہارا ہیں، عوام کی بڑی تعداد کا لنڈا بازاروں کا رخ کرنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث عوام کی قوت خرید کم ہوگئی ہے جس کے باعث مہنگے داموں نئے ملبوسات کی خریداری ان کے بس میں نیہں رہی۔ ایسے میں لنڈا بازار ہی غریبوں کا واحد سہارا ہیں جہاں ہر قسم کی ورائٹی موجود ہے، نوازائیدہ بچوں سے لے کر بڑوں تک کی تمام تر ضروریات کی اشیا یہاں دستیاب ہیں۔
لنڈا بازار میں خریداری کو اگر سفید پوش افراد کا بھرم قائم رکھنے کی ایک کوشش کہا جائے تو یہ غلط نہ ہوگا۔ دوسری جانب لنڈے کے کپڑے فروخت کرنے والوں کا بھی کہنا ہے کہ ہم عوام کی جیب دیکھتے ہوئے کم داموں میں سویٹر. جرسیاں اور جیکٹس فروخت کرتے ہیں۔