اسلام آباد، اپوزیشن کا
بیانیہ دم توڑ چکا ہے، شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ پی ڈی ایم کی اکتیس جنوری
کی ڈیڈ لائن کا بھی وہی حال ہوگا جو31 دسمبرکا ہوا
اسلام آباد، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کو عوام کا اعتماد حاصل ہے وہ پی ڈی ایم کے کہنے پر کیوں مستعفی ہوں گے، پی ڈی ایم والے 31 جنوری کا انتظار نہ کریں، انہیں جو فیصلہ کرنا ہے ابھی کرلیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے احتجاج، جلسوں سے یہ حکومت کہیں نہیں جائے گی اور اپوزیشن کی 31 جنوری کی ڈیڈ لائن کا بھی وہی حال ہو گا جو 31 دسمبر کا ہوا، اپوزیشن نے حکومت کو دباؤ میں لانے کیلئے جو بیانیہ تشکیل دیا گیا تھا وہ دم توڑ چکا ہے، وزیر خارجہ کہتے ہیں کہ پی ڈی ایم، کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالنے جا رہی ہے، سوچنے کی بات یہ ہے کہ انہیں اس کی ضرورت ہی کیوں پیش آئی، دراصل اپوزیشن عوام کو دھوکا دے رہی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے ہمارا موقف واضح اور دو ٹوک ہے ہم اس پر آج بھی قائم ہیں اور اب تو اسرائیل نے بھی وضاحت کر دی ہے۔ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ مولانا اجمل قادری کا بیان تہلکہ خیز اور وضاحت طلب ہے (ن) لیگ کی قیادت کو بتانا ہوگا کہ مولانا اجمل قادری کس ایجنڈے پر اور کیا پیغام لیکر اسرائیل گئےتھے۔