سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے
ذریعے کروانے کے معاملے پر صدارتی ریفرنس سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا،صدر
عارف علوی نے انتخابی عمل میں شفافیت کےلیے عدالت سےرائے طلب کی تھی
اسلام آباد، چیف جسٹس آف پاکستان نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے کے معاملے پر صدارتی ریفرنس سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے ۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ 4 جنوری کو سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔
خیال رہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈز کے ذریعے کرانے کے لئے ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کیا گیا تھا۔ ریفرنس میں سینیٹ کے الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رائے مانگی گئی ہے۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم کی تجویز پر ریفرنس سپریم کورٹ بھجوانے کی منظوری دی تھی۔ ریفرنس میں کہا گیا کہ سینیٹ الیکشن میں خفیہ بیلٹنگ سے ارکان کی خرید و فروخت میں کالا دھن استعمال ہوتا ہے جس سے ایوان بالا کے انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھتے ہیں۔ سینیٹ کا الیکشن اوپن بیلٹ کے تحت ہونے سے انتخابی عمل میں شفافیت آئے گی، اس اہم آئینی نکتے پر سپریم کورٹ اپنی رائے دے۔